نائیجیریا میں کشتی ڈوبنے سے خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد ہلاک، کئی لاپتہ

ابوجا: نائیجیریا کے شمالی وسطی علاقے میں کشتی ڈوبنے سے 31 افراد ہلاک ہوگئے۔
حادثہ دریائے مالالے میں پیش آیا، کشتی میں 90 افراد سوار تھے، متعدد لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن تاحال جاری رہا، کشتی کو حادثہ اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اب تک 17 خواتین اور چار بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نائیجیریا کی ریاست سوکوٹو کے ضلع گاندھی کے ایک دریا میں بھی حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے، حادثے کی وجہ کشتی پر گنجائش سے زیادہ افراد کی موجودگی بنی تھی، بدقسمت کشتی پر 50 سے زائد افراد سوار تھے۔
یاد رہے کہ نائییجریا میں خستہ حال کشتیوں اور گنجائش سے زائد افراد کے کشتی میں سوار ہونے کے باعث اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، اس سے قبل جولائی میں بھی 22 نائیجیرین تاجر کشتی ڈوبنے سے ہلاک ہو چکے ہیں۔