مون سون بارشوں کا زور دار سپیل، لاہور میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش
لاہور: مون سون بارشوں کا زور دار اسپیل ،لاہور میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
ماڈل ٹاؤن، گرین ٹاؤن، نشتر، کینال اچھرہ، مسلم ٹاؤن میں بادل برس پڑے، شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات کی آئندہ 24گھنٹے میں مزید بارش کی پیش گوئی کردی، دیگر شہروں میں بھی بادل خوب برسے، رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مختلف حادثات میں 7 افراد جان سے گئے اور 7 زخمی ہوئے۔
بلوچستان میں مون سون کے دوران حادثات میں 10 افراد جاں بحق 7 زخمی ہو گئے، دریائے سندھ میں کندیاں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 73 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال، ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
الرٹ کے مطابق دریائے کابل، سندھ، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
دریائے چناب پر مرالہ اور خانکی جبکہ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے سوات اور پنجکوڑہ کے ملحقہ ندی نالوں میں بھی بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ، وارننگ جاری
ممکنہ بارشوں کی صورت میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں، ہل ٹورنٹس کے بہاؤ میں بھی شدید اضافہ متوقع ہے، بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل کے مقامی ندی نالوں کے بہاؤ میں بھی شدید اضافے کا امکان ہے۔




