جوبائیڈن نے ٹرمپ کو امریکی سلامتی کیلئے حقیقی خطرہ قرار دے دیا
واشنگٹن:امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ری پبلکن کے صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملکی سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹس کی جانب سے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے دستبرداری کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں خبردار کیا کہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی سلامتی کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہیں۔
جوبائیڈن نے انٹرویو میں ٹرمپ کے حوالے سے کہا کہ میرے الفاظ یاد رکھیں، اگر وہ یہ انتخاب جیت جاتے ہیں تو پھر دیکھیے گا کیا ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ خطرناک ہے، وہ امریکی سلامتی کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہیں، ہم دنیا کی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہیں، ہمارے لیے جمہوریت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ 81 سالہ امریکی صدر جوبائیڈن نومبر میں شیڈول صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران ٹرمپ سے ڈیبیٹ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے اور اس کے بعد ان پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔




