امریکی صدارتی انتخاب سے متعلق سروے، کملا ہیرس کو ٹرمپ پر برتری حاصل
واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخاب سے متعلق سروے پولز میں ڈیموکریٹک امیدوار کملاہیرس کو ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تین ریاستوں میں واضح برتری حاصل ہوگئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز شائع ہونے والے پولز کے نئے نتائج کے مطابق کملا ہیرس کو ڈونلڈ ٹرمپ پر تین اہم ریاستوں مشی گن، پنسلوانیا اور وسکونسن میں برتری حاصل ہوگئی ہے اور بظاہر سابق صدر کو گزشتہ ایک برس سے حاصل برتری ختم ہوگئی ہے۔
نیویارک ٹائمز اور سینا کالج کے پولز میں ووٹرز نے کملا ہیرس کے حق میں اپنی رائے دی اور ٹرمپ پر ان کے مقابلے میں کم اعتماد کا اظہار کیا، مشی گن، پنسلوانیا اور وسکونسن میں پولز کے نتائج کے مطابق 50 فیصد ووٹرز نے کملا ہیرس کے حق میں رائے دی اور ٹرمپ کو 46 فیصد کی حمایت حاصل رہی۔
امریکی صدارتی انتخاب 5 نومبر کو ہوگا اور اس سے تین ماہ قبل ہونے والے پولز میں پوچھے گئے سوالات میں ٹرمپ کو معیشت اور امیگریشن جیسے کلیدی شعبوں میں عوامی حمایت حاصل ہے تاہم کملا ہیرس کو 24 نکات پر برتری حاصل ہے اور اس میں اسقاط حمل کا مسئلہ بھی شامل ہے۔




