سانگھڑ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے کھلی کچھری کا انعقاد کیا
سانگھڑ (رپورٹ اصغر جٹ ) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ اعجاز علی خان کی خصوصی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب فضل محمد شیخ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس سانگھڑ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے کھلی کچھری کا انعقاد کیا. اس موقع پر پی ایچ ڈی اور ایم پی ہولڈرز نے مقررہ الاؤنس نہ ملنے کی شکایت کی جس پر محتسب اعلیٰ نے کہا کہ پروفیسرز اور دیگر ایم فل ہولڈرز کا مسئلہ جلد ہی اعلیٰ حکام کو لکھ کر حل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 2019 کے میرپور خاص بورڈ امتحان میں ڈیوٹی دینے والے عملے کے بقایا جات کے حوالے سے شکایت پر محتسب اعلیٰ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے بقایاجات کے چیک نکلوا کر ان حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر محتسب اعلیٰ نے اکاونٹ آفیسر اور عملہ کو ہدایت کی کہ وہ فوت شدہ ملازمین کے بقایاجات جلد ان کے لواحقین کے حوالے کیے جائیں کیونکہ وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ کھلی کچھری میں محکمہ آبپاشی، نکاسی آب، نرسنگ کالج سانگھڑ میں بھی بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئیں جس پر محتسب اعلیٰ نے متاثرہ افراد کو تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جہاں بھی مسائل ہوں سب کو حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر محمد صالح انصاری اور اکاؤنٹ آفس کا تمام عملے سمیت دیگر سائلین بھی موجود تھا




