’ONE VENGEANCE FOR ALL‘ ایران کی لیگو طرز کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر بیانیے کی جنگ جیت لی
تہران(17 اپریل 2026): ایرانی تخلیق کاروں کی جانب سے تیار کردہ مصنوعی ذہانت پر مبنی لیگو طرز کی ویڈیوز نے عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کرلی۔
قطر کے عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ایرانی تخلیق کاروں کی جانب سے تیار کردہ مصنوعی ذہانت پر مبنی لیگو طرز کی ویڈیوز نے عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کر کے ڈیجیٹل محاذ پر بیانیے کی جنگ جیت لی ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ان ویڈیوز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو انتہائی طنزیہ اور دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ویڈیوز کے اختتام پر “ONE VENGEANCE FOR ALL” (سب کے لیے ایک ہی انتقام) کا پیغام نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے، جس نے دیکھنے والوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کم لاگت مگر اعلیٰ معیار کی ویڈیوز نے عالمی رائے عامہ، خاص طور پر نوجوان نسل کو بے حد متاثر کیا ہے۔ ان ویڈیوز میں امریکی سیاست کی اندرونی تقسیم، جنگی تباہی اور مغربی پالیسیوں پر بھرپور تنقید کو میمز اور اے آئی کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایرانی مواد پر پابندیوں کے باوجود یہ ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں اور مختلف پلیٹ فارمز پر پھیلتی رہیں۔
عالمی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ ڈیجیٹل جنگ اب روایتی جنگ جتنی ہی اہم بنتی جا رہی ہے اور ایران نے اس محاذ پر امریکا کے خلاف اپنا بیانیہ منوانے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔




