امریکا بمقابلہ ایران: سمندر میں پہلی بڑی ٹکر سامنے آ گئی
واشنگٹن : امریکی سینٹکام نے ایرانی کارگو جہاز کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی فوج نے رات گئے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکابندی ’’مکمل طور پر نافذ‘‘ کر دی ہے اور افواج نے ’’ایران میں سمندری راستے سے ہونے والی تمام اقتصادی تجارت کو مکمل طور پر روک دیا ہے۔‘‘
این بی سی نیوز کے مطابق امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ایرانی جہاز نے گزشتہ روز امریکی ناکابندی سے بچنے کی کوشش کی، تاہم اسے ایک جنگی جہاز نے روک کر واپس موڑ دیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر کہا کہ ’’گزشتہ روز ایک ایرانی پرچم بردار کارگو جہاز نے بندر عباس سے روانگی کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے اور ایرانی ساحلی پٹی کے ساتھ سفر کرتے ہوئے امریکی ناکابندی سے بچنے کی کوشش کی۔ تاہم گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس اسپروانس (DDG 111) نے کامیابی کے ساتھ اس جہاز کا رخ موڑ دیا، جو اب ایران واپس جا رہا ہے۔‘‘




