اسلام آباد میں مذاکرات پاکستان نہیں عالم اسلام کے لیے فخر کا لمحہ ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات پاکستان نہیں عالم اسلام کے لیے فخر کا لمحہ ہے، خلیج میں اب جنگ نہیں امن کی باتیں ہو رہی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا میری تجویز پر امریکا اور ایران نے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا، اور اب ہماری پر خلوص دعوت پر دونوں ملکوں کی قیادت اسلام آباد آ گئی ہے۔

انھوں نے خطاب میں جنگ بندی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ جنگ کے شعلے بجھانے میں فیلڈ مارشل کی خدمات تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔

شہباز شریف نے کہا ہمیں امن کے لیے دنیا کی حمایت حاصل ہے، جیت امن اور انسانیت کی ہوگی، اس نازک صورت حال میں پاکستانی قیادت نے بڑے اعتماد سے دونوں فریقوں کو عارضی جنگ بندی پر راضی کیا، دونوں فریق جو جنگ میں آمنے سامنے تھے، اب بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے پر راضی ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی وفد باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ چکا ہے جس میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں، جب کہ امریکی وفد جے ڈی وینس کی قیادت میں پہنچنے والا ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے امید ظاہر کی ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا پاکستان نے امریکا اور ایران کو کشیدگی میں کمی اور دشمنی کے خاتمے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے، امریکا اور ایران کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، اقوام متحدہ کے ایلچی سفارتی کوششوں کی حمایت کے لیے خطےمیں موجود ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں