9 اپریل کو حکومت نے جہاں روکا وہیں پر جلسہ شروع کر دیں گے ، رہنما پی ٹی آئی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے جہاں روکا وہیں پر جلسہ شروع کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے اعلان کیا ہے کہ 9 اپریل کو راولپنڈی میں ہر صورت بھرپور جلسہ کیا جائے گا، جس کے لیے ضابطے کے مطابق انتظامیہ کو درخواست دے دی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر کا کہنا تھا کہ پرامن سیاسی اجتماع کرنا ہمارا آئینی حق ہے اور ہمیں اس حق سے محروم کرنا غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایک جمہوری ملک میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنا سراسر غلط ہے۔
جنید اکبر نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے جلسہ گاہ پہنچنے میں رکاوٹیں کھڑی کیں تو کارکنان کو واضح ہدایات ہیں ، جہاں بھی قافلوں کو روکا گیا، جلسہ وہیں شروع کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اسپیس نہ دیے جانے کے باوجود عوامی طاقت کے ذریعے جلسے کو کامیاب بنایا جائے گا، ملک بھر سے قافلے راولپنڈی پہنچیں گے اور کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے جلسے کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرے۔




