پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ آج ہوگا
اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیشرفت متوقع ہے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے آج ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ترکیہ کی آئینی عدالت کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد صدر آئینی عدالت کی قیادت میں پاکستان پہنچ چکا ہے، جو 9 اپریل تک یہاں قیام کرے گا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ اس تقریب میں سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان اور عدالتی عملہ شرکت کرے گا۔ معاہدے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تربیت، بہترین عدالتی طریقہ کار کے تبادلے اور عدالتی اصلاحات میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
فریقین کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق متوقع ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر اور شفاف بنایا جائے گا۔ پاکستان اور ترکیہ عدالتی نظام میں بہتری لانے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اپنے دورے کے دوران ترک وفد نہ صرف پیشہ ورانہ ملاقاتیں کرے گا بلکہ ٹیکسلا اور لاہور کے تاریخی مقامات کا دورہ بھی کرے گا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی اور دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دینا ہے۔




