سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے، صدر اور وزیراعظم کا اظہار افسوس

کراچی: سابق سپیکر سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی عارضۂ قلب میں مبتلا ہوئے تھے۔

اہلِ خانہ کے مطابق آغا سراج درانی کو عارضۂ قلب کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

مرحوم پیپلز پارٹی کے وفادار رہنما اور محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی شمار کیے جاتے تھے، آغا سراج درانی وزیر تعلیم سندھ بھی رہ چکے تھے اور کئی بار سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آصف زرداری نے کہا ہے کہ مرحوم نے جمہوری اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا، انہوں نے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی نے بطور سپیکر سندھ اسمبلی اہم خدمات سر انجام دیں، آغا سراج درانی کی سیاسی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے جنہوں نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور رب کائنات مرحوم کے درجات بلند کرے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں