ملک میں شدید سردی کی لہر برقرار،بالائی علاقوں میں پارہ منفی 11 تک جا گرا
لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی کافی نیچے چلا گیا، سکردو میں پارہ منفی 11 تک گر گیا جبکہ گوپس اور استور میں منفی 10اور لہہ میں درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔
گلگت اور کالام میں منفی 7،بگروٹ اور ہنزہ میں پارہ منفی 6رہا، دیر اور چترال میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی،وادیاں اور نظارے حسین ہوگئے۔
چترال میں شدید برفباری سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، چترال کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
ادھر پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھندکے ڈیرے برقرار ہیں، شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 عبد الحکیم سے ملتان تک بند ہے، موٹروے ایم 5 کو ملتان سے روہڑی تک حد نگاہ کم ہونے کے باعث بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔




