موسم گرما کی تعطیلات ختم، پنجاب اور سندھ میں تعلیمی سرگرمیاں شروع

لاہور، کراچی: موج مستی ختم، آزادی کا جشن بھی منا لیا، اب وقت ہوا ہے پڑھائی ہے، پنجاب اور سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد آج سے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے۔

سکولز کھلتے ہی والدین اور طالب علموں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کو اساتذہ نے اپنے لئے خوش آئند قرار دیا۔

محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے، ہفتہ اور اتوارچھٹی ہوگی، مرد اساتذہ پیر سے جمعرات صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک سکولز میں رہیں گے جبکہ خواتین اساتذہ کو ڈھائی بجے چھٹی ہوگی۔

ڈبل شفٹ والے سکولزمیں پہلی شفٹ صبح 8 سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہوگی، دوسری شفٹ دوپہر ایک بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی، جمعے کو سکول صبح 8 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔

صوبہ سندھ میں بھی گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے پر تعلیمی ادارے آج کھل گئے ہیں۔

وزیرتعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار سندھ میں اساتذہ لائسنس پالیسی و دیگر اصلاحات متعارف کرائیں، صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد یکم اگست سے سکول دوبارہ کھلنے تھے تاہم محکمہ تعلیم سندھ نے گرمی کی شدت اور برسات کے امکان کے باعث موسم گرما کی تعطیلات 14 اگست تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں