فچ نے تقریباً 7 ماہ بعد پاکستان کیلئے کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کر دیا

اسلام آباد: فچ ریٹنگ ایجنسی نے تقریباً 7 ماہ بعد پاکستان کیلئے کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کر دیا۔

معاشی درجہ بندی کے ادارے فچ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی کی ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے ریٹنگ ٹرپل سی سے بڑھا کر ٹرپل سی پلس کر دی۔

فچ کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستان کی بیرونی فنڈنگ رسائی بہتر ہوئی ہے اور پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے باعث ریٹنگ اپ گریڈ کی گئی، سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے میں رہتے ہوئے پاکستان نے بہتر کارکردگی دکھائی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی منظوری سے قبل چین، سعودی عرب اور یو اے ای سے باہمی معاہدوں کے قرض کو رول اوور کرانا ہوگا۔

فچ کا بتانا ہے کہ پاکستان نے حالیہ وفاقی بجٹ میں معیشت کی بہتری کیلئے پالیسی اقدامات کئے ہیں، پاکستان کو ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح بڑھانے کیلئے مزید 3 فیصد اضافے کی ضرورت ہے، پاکستان نے آئی ایم ایف کو انرجی شعبے، ریاستی ملکیتی اداروں میں اسٹرکچرل اصلاحات اور زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے کیلئے قانون سازی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

خیال رہے کہ فچ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ بہتری سے پاکستان کا عالمی مارکیٹ میں اعتماد بحال ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے قرض دینے میں پاکستان پر اعتماد کریں گے اور کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے سے عالمی مارکیٹ بانڈز کا اجرا بھی بہتر ہو سکے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ کی طرف سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کرنے پر خیرمقدم کیا ہے۔

وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور معاشی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے، پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلَس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں