پاک ایران سرحد پرتیسرا ملک دہشتگردوں کومدد فراہم کررہا ہے: ایرانی وزیرخارجہ
اسلام آباد: ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر اللہیان کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد پر”تیسراملک ” دہشت گردوں کوسہولت فراہم کررہاہے۔
پاکستان اور ایران نے امن اور خوشحالی کے مقاصد کے حصول کے لئے باہمی احترام اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی نقطہ نظر کی بنیاد پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر اللہیان نے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک ، ایران مذاکرات کے دوران دہشتگردی کیخلاف اقدامات پر گفتگو ہوئی، بارڈر پر موجود تجارتی مراکز کو فعال کرنے پر بھی بات چیت ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اہم برادرانہ تعمیری اور مضبوط تعلقات ہیں، پاکستان سے جغرافیائی تعلقات بھی اہمیت کےحامل ہیں ، پاکستان کی سکیورٹی ہمارے لیے مقدم ہے، ایران اور پاکستان کے عوام کو ایک ہی قوم سمجھتے ہیں، ایران اور پاکستان دہشت گردوں کو کسی قسم کا موقع نہیں دیں گے، دہشت گردوں نے ایران کو بہت نقصان پہنچایا ہے، مشترکہ بارڈر پر موجود دہشت گرد دونوں ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔




