کراچی میں بارشوں کا آغاز کب ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
کراچی: خلیجِ بنگال میں بننے والا ہوا کا شدید کم دباؤ (ڈیپ اپریشن) کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے جس کے زیرِ اثر کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم جنوبی مدھیہ پردیش (بھارت) پر موجود ہے، اس موسی نظام کے باعث، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے مزید شدت اختیار کرنے اور ملک کے بالائی و وسطی علاقوں کے بیشتر حصوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق ان موسی نظاموں کے زیر اثر کل (ہفتے کی دوپہر شام) سے 3 اگست تک وقفے وقفے سے کراچی میں آندھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
آج ( شام رات) سے 3 اگست تک تھر پارکر، عمرکوٹ، میر پور خاص، بدین، سانگھڑ، خیر پور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، حیدر آباد، مٹیاری اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔




