دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہمارے پاس ہے، امریکا نے ایران میں سب کچھ ختم کر دیا: صدر ٹرمپ
فوٹو: اسکرین گریب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہمارے پاس ہے، امریکا نے ایران میں سب کچھ ختم کر دیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے چین کا شکریہ ادا کیا کیونکہ اس نے ایران کے معاملے میں مداخلت نہیں کی، حالانکہ چین کی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ آبنائے ہرمز کے ذریعے آنے والے تیل پر منحصر ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں چین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میں نے چین سے کہا تھا کہ وہ ایران کے معاملے میں شامل نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنی تقریباً 50 فیصد تیل کی ضروریات آبنائے ہرمز سے پوری کرتا ہے، اس کے باوجود چینی صدر شی جن پنگ نے اس تنازع سے دور رہنے پر اتفاق کیا۔
ٹرمپ کے مطابق میں نے شی جن پنگ سے کہا کہ وہ اس معاملے میں شامل نہ ہوں اور انہوں نے کہا کہ وہ شامل نہیں ہوں گے اور واقعی وہ شامل نہیں ہوئے۔ انہوں نے یہ بات بہت اچھے انداز میں کہی اور میں اس کی قدر کرتا ہوں۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے میری لینڈ میں قطر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے نئے ائیر فورس ون کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے حالیہ عرصے میں کئی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ دیکھیں گے کہ تیل کی قیمتیں بہت نیچے آ جائیں گی، امید ہے کمپنیاں اس سے خوش ہوں گی۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہمارے پاس ہے۔ آپ نے یہ ایران میں دیکھا، تقریباً ایک ہفتے میں ہم نے ان کی پوری بحریہ، پوری فضائیہ اور ریڈار سسٹم کو ناکارہ بنا دیا۔ ہم نے سب کچھ ختم کر دیا۔




