پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم میں پہلی ’’کیلاش کرکٹر‘‘ کا ڈیبیو

کراچی : خوبصورت ثقافت رکھنے والے کیلاش قبیلے کی خاتون کرکٹر سائرہ جبیں نے پاکستان ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کر لیا۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم میں پہلی بار وادی کیلاش سے تعلق رکھنے والی کرکٹر سائرہ جبیں نے ڈیبیو کیا۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف پہلے ویمنز ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی جانب سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔

25 سالہ سائرہ جبیں صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں واقع ہندو کوہ کش کے معروف کیلاش قبیلے سے تعلق رکھتی ہیں۔

لاہور کے کینرڈ کالج میں زیر تعلیم بیٹنگ آل راؤنڈر سائرہ جبیں ڈومیسٹک ویمن کرکٹ میں اسٹرائیکرز کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ تاہم، وہ اپنے پہلے انٹرنیشنل میچ میں صرف پانچ رنز ہی بنا سکیں۔

دوسری جانب سائرہ کے قومی ٹیم میں منتخب ہونے پر ان کے اہل خانہ نے بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔

گاؤں سے ویڈیو لنک پر سائرہ کی والدہ نے اپنی بیٹی کے قومی ٹیم میں منتخب ہونے پر اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میری بیٹی پاکستان کرکٹ ٹیم میں منتخب ہوئی، وہ بہت آگے تک جائے گی۔

سائرہ کے بھائیوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دن کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔ وہ پاکستان کا نام روشن کرے گی، ہم سب پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

زندگی کے اس یادگار لمحے پر سائرہ جبیں نے کہا کہ آج میں جو یہاں ہوں، اس میں میری فیملی کا بہت بڑا کردار ہے۔ والدین، بھائی بہنوں نے میرے خواب کو حقیقت بنایا، ان کی سپورٹ کے بغیر میں کچھ بھی نہیں کر سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے بہت خاص لمحہ ہے، میرے لیے قومی ٹیم میں منتخب ہونا سرپرائز تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں