تعلیمی نصاب میں ’’معرکہ حق‘‘ کے مضامین شامل ہوں گے
لاہور : تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور معرکہ حق کے مضامین شامل کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیرصدارت انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس
ہوا، جس میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، ڈپٹی سیکرٹری فنانس اور ڈائریکٹرلا نے شرکت کی۔
اجلاس میں تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور معرکہ حق کے مضامین شامل کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں میں بھی معرکہ حق کے پروگرام منعقد کرانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں فلم فنڈز کے تحت معرکہ حق اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنانے سمیت پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کی زندگی پر ڈراما بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے وسیع پیمانے پرعوامی آگہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شرکا نے استدعا کی کہ ڈی جی آئی ایس پی آر تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھیں۔
اس موقع وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مل کر خصوصی مانیٹرنگ سیل بنائیں گے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی فوری نشاندہی اور نفرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے محرم الحرام کے پیش نظر نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم میں کسی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ خصوصی سیل عوام تک بر وقت اور درست معلومات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔




