حملہ ڈراما تھا؟ کیرولائن لیوٹ کا ردِ عمل
واشنگٹن : صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حالیہ قاتلانہ حملے کے بعد صدر کی سیکیورٹی پروٹوکول کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے جب کہ سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے وائٹ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں صدر ٹرمپ پر یہ تیسرا قاتلانہ حملہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ ہفتے کے روز ’’اظہارِ رائے کی آزادی‘‘ کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی جا رہی تھی جسے حملہ آور نے ہائی جیک کرنے کی کوشش کی۔
انھوں نے کہا کہ امریکی سیاست میں اختلافات کو پُرامن رہنا چاہیے اور ملک سے سیاسی تشدد کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان کے بقول صدر ٹرمپ نے جتنی دھمکیوں اور حملوں کا سامنا کیا، ماضی میں کسی امریکی رہنما نے نہیں کیا۔
کیرولائن لیوٹ نے الزام عائد کیا کہ بعض ڈیموکریٹ رہنما صدر ٹرمپ کے خلاف نفرت کو ہوا دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو مسلسل فاشسٹ اور آمر قرار دیا جاتا ہے، جب کہ بعض رہنماؤں کے بیانات ملک میں تشدد کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔




