بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا
کراچی: ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کے بابر اعظم نے سب سے زیادہ سنچری شراکتوں میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی سنچری کا طویل انتظار ختم کر دیا بلکہ بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کا ایک اہم عالمی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔
بابراعظم نے محض 52 گیندوں پر ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں ان کی تیز ترین سنچری ہے۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی مجموعی طور پر 12 ویں سنچری ہے، جس کے بعد وہ عالمی فہرست میں کرس گیل کے مزید قریب پہنچ گئے ہیں۔
بابراعظم نے اپنی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے اور حیران کن طور پر پوری اننگز میں صرف ایک ڈاٹ بال کھیلی۔اس میچ کے دوران بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ (47) سنچری شراکتوں کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔




